ایلوویرا کی خصوصیات و استعمالات
ایلوا کا تیل چونکہ جراثیم اور پھپھوند کا قلع قمع کر تا ہے اسلئے اسے کیل مہاسوں ، خارش،دنبل ، ایگزیما ،داد،قراع (Candidacies) اور دیگر جلدی امراض میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے جیل کو مسوڑوں کی خرابی دور کر نے کیلئےماؤتھ واش کے طورپر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جیل تو محفوظ ہے لیکن پورے پتے سے نکالے گئے عرق کو بطور دوااستعمال کرنے میں احتیاط کی ضرورت ہے کیو نکہ اس میں موجود Anthraquinone کے با عث یہ بہت تیز قسم کی قبض کشا دوا بن سکتی ہے۔ اسے طویل عرصے تک یا دوران حمل استعمال کرنا خطر ناک ہوسکتا ہے۔ بعض لوگوں میں ایلوویرا جیل سے جلن اور خارش ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا ہو تو اس کا استعمال ترک کر دیں۔ قبض کشادوا کے طور پر کسی طبیب کے مشورے سے استعمال کریں اور مقرر خوراک سے تجاوز نہ کریں۔
شہد کے ذریعہ بچوں کے نزلہ زکام اور کھانسی کا علاج
ایک تازہ ترین طبی تحقیق کے مطابق سینے کی جکڑن اور کھانسی میں شہد سے بہتر کوئی دوا نہیں۔ شہد خراب گلے میں بھی مفید ہے۔ ماہرین نے حال ہی میں ایک رپوٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا کہ 6 سال سے کم عمر بچوں کو زکام اور کھانسی کے لیے میڈیسن دینے سے گریز کیا جائے۔ والدین چھوٹے بچوں کو زکام و کھانسی کے لیے متبادل علاج فراہم کریں جن میں سے شہد ایک ہے۔ تاہم ماہرین نے ایک سال اور اس سے کم عمر بچوں کو شہد دینے سے منع کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس سے اس عمر کے بچوں کو فوڈ پوائزنگ کا سنگین خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ شہد میں موجود بیکٹریا ایک سال سے کم عمر بچوں کے معدے کے لیے فائدہ مند نہیں ہوتا۔ تاہم بچوں کو رات میں سونے سے قبل اور سوکر اٹھنے کے بعد ایک چمچہ شہد پلانے سے نزلہ و زکام اور کھانسی کی کیفیت میں آرام ملتا ہے